بنگلورو،10؍فروری(ایس او نیوز) آنے والے اسمبلی انتخابات میں جنتادل (ایس) ریاست کے تمام 224 اسمبلی حلقوں میں اپنے امیدوار کھڑا کرے گی، امیدواروں کا انتخاب مقامی سطح پر ان کی مقبولیت کی بنیاد پر کیا جائے گا۔یہ اعلان آج سابق وزیر اعظم اور جنتادل (ایس) سربراہ ایچ ڈی دیوے گوڈا نے کیا۔ شہر کے پیالیس گراؤنڈ میں جنتادل (ایس) کی انتخابی حکمت عملی میٹنگ کا افتتاح کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ ان کا مقصد ہے کہ ریاست میں جنتادل (ایس) کو ایک مضبوط قوت کے طور پر ابھارا جائے۔ پارٹی کے تمام اختلافات اور خدشات کوختم کرکے آنے والے دنوں میں اسے مضبوط کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے دیوے گوڈا نے کہاکہ پارٹی کے تمام ضلعی صدور اور ضلعی قائدین سے متعلقہ اضلاع میں سیاسی صورتحال اور پارٹی کے استحکام کے بارے میں تفصیلی رپورٹ طلب کی جائے گی اور بعد میں ہی امیدواروں کا انتخاب کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ اگر کسی حلقہ میں ایک سے زائد امیدوار دعویدار ہیں تو پارٹی کی کور کمیٹی امیدوار کا فیصلہ کرے گی۔ انہوں نے کہاکہ ریاست میں ایک علاقائی سیاسی قوت کا مرتبہ رکھنے والی جنتادل (ایس) کو آنے والے دنوں میں علاقائی سطح پر مضبوط کرنے کی کوشش کو حالیہ شمال مشرقی کونسل انتخابات میں پارٹی امیدوار رمیش بابو کی زبردست کامیابی کی بدولت ایک نیا حوصلہ ملا ہے۔ اس موقع پر سابق وزیر بینڈپا قاسم پور نے کہاکہ ریاست میں عوام قومی سیاسی جماعتوں سے بیزار آچکے ہیں۔ہر طرف جنتادل (ایس) کی لہرچل رہی ہے۔ لوگوں کا یہ خیال ہے کہ کمار سوامی کو دوبارہ ریاست کا وزیراعلیٰ بننا چاہئے۔ پچھلے نوسال میں ریاست نے چار وزرائے اعلیٰ دیکھے ان میں سے کسی کی کارکردگی عوام کو پسند نہیں آئی ، لیکن صرف 20 ماہ اقتدار چلانے والے کمار سوامی کا دور آج بھی عوام کے ذہنوں میں بسا ہوا ہے۔ بی جے پی کے پانچ سال اور کانگریس کے چار سال عوام کیلئے پریشانیوں کا سبب بنے ہوئے ہیں۔ ریاست کا کسان مشکلات میں گھرا ہوا ہے، لیکن دونوں قومی سیاسی جماعتیں اس کی پرواہ کئے بغیر اپنی اپنی غیر ذمہ داری کا مظاہرہ کررہے ہیں۔ کسانوں کے قرضہ جات معاف کرنے کیلئے جہاں ریاستی حکومت کوئی توجہ نہیں دے پارہی ہے ، وہیں ہر بار اپنی ذمہ داری مرکز پر الزام لگاکر بچنے کی کوشش کررہی ہے۔ اس موقع پر ریاستی جنتادل (ایس) صدر ایچ ڈی کمار سوامی، کارگذار صدر نارائن راؤ ، پارٹی لیڈران ، رکن کونسل سورنا ، پٹ راجو ، سابق ڈپٹی میئر ہیما لتا ، موجودہ ڈپٹی میئر آنند ، نومنتخب رکن کونسل رمیش بابو ، ناڈا گوڈا ، انا دانی ، ملیکارجن کھوبا وغیرہ موجود تھے۔